ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ٹرمپ دور میں امریکہ کے ساتھ روسی تعاون بہتر ہو سکتا ہے: پوتن

ٹرمپ دور میں امریکہ کے ساتھ روسی تعاون بہتر ہو سکتا ہے: پوتن

Mon, 10 Jul 2017 22:53:39  SO Admin   S.O. News Service

ماسکو،10/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)روسی صدر نے امکان ظاہر کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تعاون میں اضافہ ممکن ہے۔ گزشتہ روز امریکی صدر نے بھی روس کے ساتھ تعمیری انداز میں تعلقات بڑھانے کی بات کی تھی۔روسی صدر ولادیمیر پوتن نے جی - 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر جمعہ7 /جولائی کو پہلی مرتبہ اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے بعد پوتن نے کہا کہ امریکی صدر ٹیلی وژن پر جو دکھائی دیتے ہیں، وہ حقیقت میں ایسے محسوس نہیں ہوتے۔ پوتن کے مطابق وہ انتہائی مختلف شخصیت کے حامل ہیں اور اس باعث امریکہ کے ساتھ تعاون بڑھایا جا سکتا ہے۔ہیمبرگ سے اتوار 9 /جولائی کو روانہ ہوتے وقت ولادیمیر پوتن نے نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی سُوجھ بُوجھ غیرمعمولی ہے اور وہ سوالات کا فوری جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ روسی صدر نے ٹرمپ کے ساتھ ذاتی تعلقات کے استوار ہونے کی بات بھی کی۔پوتن نے یہ بھی کہا کہ اب امریکہ کے ساتھ تعاون اور رابطہ کاری میں اضافہ ممکن ہے اور یہ دونوں ملکوں کی ضرورت بھی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں ماسکو اور واشنگٹن کے تعلقات میں انتہائی سردمہری پیدا ہو گئی تھی۔ اس سردمہری کا سرد جنگ کے دور سے تقابل کیا جانے لگا تھا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار 9 /جولائی کو روس کے ساتھ تعمیری انداز میں کام کرنے کو وقت کی ضرورت تو قرار دیا، لیکن عائد پابندیوں میں نرمی پیدا کرنے کو خارج از امکان قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے روس کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار مختلف ٹوئٹس میں کیا۔ان ٹوئٹس میں ڈونا لڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ ملاقات میں روسی صدر نے اپنی حکومت کی جانب سے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کے مبینہ الزامات کو تسلیم نہیں کیا اور اِس کی بھرپور انداز میں نفی بھی کی۔ ٹرمپ کے مطابق انہوں نے کم از کم دو مرتبہ پوتن سے اس حوالے سے گفتگو کی اور ہر مرتبہ روسی صدر نے انکار کیا۔
 


Share: